Published On: Wed, Jun 26th, 2013

مشرف پر غداری کا مقدمہ چلائیں گے: نواز شریف

pervez-musharaf

بی بی سی نیو ز۔ پاکستان کی وفاقی حکومت نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت اس ضمن میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرے گی۔
اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے سے متعلق وفاق کا جواب سپریم کورٹ میں پیش کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس معاملے میں حکومت کے ساتھ ہے۔
وفاق کے جواب میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس ضمن میں سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی جس کے تحت تین نومبر سنہ دو ہزار سات میں اُس وقت کے صدر اور آرمی چیف جنرل پرویز آئین کو معطل کر کے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔
سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پاکستان میں پہلے شخص ہیں جن کے خلاف غداری کے مقدمے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق وفاق کی طرف سےجمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ حکومت ایوان بالا یعنی سینیٹ میں پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے سے متعلق متفقہ طور پر پاس کی گئی قرارداد پر بھی عمل درآمد کروائے گی۔
وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ سابق فوجی صدر کی طرف سے تین نومبر سنہ دو ہزار سات کے اقدامات غداری کے مترادف ہیں۔
اس سے پہلے نگراں حکومت نے ان درخواستوں کے تحت سپریم کورٹ میں جواب جمع کروایا تھا کہ سابق فوجی صدر کے خلاف کارروائی کا اختیار اُن کے پاس نہیں ہے اور نئی منتخب حکومت اُن کے خلاف کارروائی کا اختیار رکھتی ہے۔

About the Author

Leave a comment

XHTML: You can use these html tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>