Published On: Sat, Apr 1st, 2017

پاکستان اور برطانوی فضائیہ کے نمبر 9 اسکواڈرن جڑواں قرار

780764-paf-1491047314-488-640x480اسلام آباد: پاک فضائیہ کا شہرہ آفاق نمبر 9 اسکواڈرن اور برطانیہ کی رائل ایئرفورس کے نمبر 9 اسکواڈرن کو جڑواں قرار دے دیا گیا ہے۔
پی اے ایف بیس مصحف پر ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اور برطانیہ کی رائل ایئر فورس کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر اسٹیفن جان ہیلیئر بھی شریک تھے۔ تقریب میں دونوں ملکوں کی فضائیہ کے اسکواڈرن نمبر 9 کو جڑواں قرار دیا گیا۔
تقریب کے دوران رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر اسٹیفن جان ہیلیئر نے پاک فضائیہ کے 4 ایف 16 طیاروں کی فارمیشن کا فلائی پاسٹ دیکھا، جس کے بعد طیاروں نے ائیروبیٹکس کا شاندار مظاہرہ بھی کیا۔ اس موقع پر دونوں فضائیہ کے سربراہان نے دو مختلف جہازوں میں بیٹھ کر فلائنگ مشن میں حصہ لیا۔ یہ پاک فضائیہ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی غیر ملکی فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ کے ساتھ ایک فضائی مشن میں شرکت کی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر رائل پاکستان ائیر فورس کے چار برطانوی سربراہوں کی نوآموز فضائیہ کی بنیاد رکھنے میں ان کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان قائدین کی شاندار روایات کی تقلید کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے آنے والے سربراہان نے اس کو پاکستان کی ایک مہلک فضائی قوت میں تبدیل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فضائی افواج کے نمبر 9 اسکواڈرنز اپنے آغاز سے ہی شاندار تاریخ کے حامل ہیں۔ دونوں اسکواڈرنز کی یہ رفاقت ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر اسٹیفن جان ہیلیئر نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت کی وجہ سے پوری دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے اور اپنے ملک کا پرچم سر بلند کر چکی ہے۔ دونوں مشہور اسکواڈرنز کی یہ رفاقت ان کی قابلیت میں مزید بہتری پیدا کرے گی اور ایک مستحکم بنیاد فراہم کرے گی جس سے اپنے پیش روؤ ں کی اعلی تاریخ کو بڑھانے میں مدد حاصل ہو گی۔
واضح رہے کہ رائل فضائیہ کا نمبر 9 بمبار اسکواڈرن 1914 میں قائم ہوا اور آج تک کئی محاذوں پر اپنی خدمات سر انجام دے چکا ہے۔ پاتھ فائنڈرز کے نام سے پہچانا جانے والا یہ سکواڈرن آج کل ٹارنیڈو لڑاکا طیاروں سے لیس ہے۔پاک فضائیہ کا نمبر 9 ملٹی رول اسکواڈرن 1943 میں رسالپور کے مقام پر قائم ہوا اور اس اسکواڈرن نے اسکواڈرن لیڈر اصغر خان کی قیادت میں دوسری جنگ عظیم میں برما کے محاذ پر حصہ لیا۔ ایک شاندار تاریخ کا حامل یہ اسکواڈرن پاک بھارت جنگوں اور افغان جنگ میں بھی ہراول دستے کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے چکا ہے۔

About the Author

Leave a comment

XHTML: You can use these html tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>