Published On: Tue, May 9th, 2017

مقبوضہ کشمیر پر قابض انتظامیہ نے پاکستانی چینلوں پر پابندی لگا دی

812661-banonpakistanchannels-1494211593-521-640x480سری نگر: کٹھ پتلی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں پاکستانی ٹیلی ویژن چینلوں کی نشریات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
حکومت نے تمام ضلعی مجسٹریٹوں کو پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی ہے تاہم کٹھ پتلی حکومت کے محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق پاکستانی چینل دکھانے والے کیبل آپریٹروں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز ضلع اسلام آباد میں بھارتی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں شہید ہونے والے نوجوان فیاض احمد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جھڑپ کے دوران بھارتی فورسز کی اندھا دھند فائرنگ سے 3 عام شہری بھی شہید ہوئے تھے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہید نوجوان کو آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میںضلع کولگام کے علاقے ریشی پورہ میں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، مظاہرین نے بھارتی فوج کے وادی سے واپس جانے کا مطالبہ کیا، نماز جنازہ کے موقع پر مجاہدین کے ایک گروپ نے ہوائی فائرنگ کے ذریعے اپنے شہید ساتھی کو سلامتی دی، نماز جنازہ میں حریت رہنماؤں سمیت مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی، دریں اثنا فیاض احمد اور دیگر 3 شہریوں کی شہادت پر ضلع کو لگام میں مکمل ہڑتال کی گئی، دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے، سڑکوں پر ٹریفک معطل رہا۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے میر بازارقاضی گنڈ میں نام نہاد پولیس مقابلے میں ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی غیر حقیقت پسندانہ پالیسیوں نے مقبوضہ کشمیر کو مقتل میں تبدیل کر دیا ہے، شہید ہونے والے مجاہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارے بچے کسی شوق یا مشغلے کیلیے بندوق نہیں اٹھاتے بلکہ اس سنگین صورتحال کی بنیادی وجہ جموں وکشمیر میں تعینات بھارتی فوج، نیم فوجی فورسز اور پولیس کے بے انتہا مظالم ہیں۔
سید علی گیلانی نے ہندواڑہ میں پولیس تشدد کے نتیجے میں 50 سے زائد طلبا وطالبات کے زخمی ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، فورسز کے تشدد سے زخمی طلبہ میں 24 طالبات بھی شامل ہیں، حریت رہنما یاسین ملک، کل جماعتی حریت کانفرنس، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور حریت رہنماؤں میر شاہد سلیم، ظفر اکبر بٹ و دیگر نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ کشمیری نوجوانوں کو ہدف بنانا بند کرے۔

About the Author

Leave a comment

XHTML: You can use these html tags: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>